یہ جو دہشت گردی واپس آئی ہے، اس کے پیچھے پی ٹی آئی ہے، عطا تارڑ

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ ملک میں جو دہشت گردی واپس آئی ہے، اس کے پیچھے پی ٹی آئی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے علما کے ساتھ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ میں اظہار یکجہتی کے لیے حاضر ہوا ہوں، جو لوگ اسلام آباد میں افسوس ناک واقعے کے ذمے دار ہیں، انہیں انسان کہنا انسانیت کی توہین ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے لوگ جو اللہ کی عبادت میں مصروف تھے، انہیں نشانہ بنایا گیا کیوں کہ ان دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہے۔ میں پوری ریاست کی طرف سے یقین دلاتا ہوں کہ تمام مساجد، امام بارگاہوں اور دینی مراکز کی سیکیورٹی کے لیے پوری کوشش کررہے ہیں۔ ہم ان دہشت گردوں کا جڑ سے خاتمہ کریں گے۔
عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ مضافات میں واقعہ ہونا افسوس ناک ہے، لیکن یہ سیکیورٹی فیلیئر نہیں ہے۔ ہمیں متحد ہوکر اس سوچ کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری سیکیورٹی فورسز کے پاس تمام تر مہارت موجود ہے، جس سے وہ مقابلہ کررہی ہیں اور کرتی رہیں گی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ میں یہاں سیاسی بات کرنا نہیں چاہتا تھا مگر آپ کو یاد ہوگا کہ ایک آپریشن ردُالفساد اور ضرب عضب بھی ہوا تھا، آپ کو یاد ہوگا کہ خودکُش حملے ختم ہوگئے تھے، کراچی کا امن بھی بحال ہوگیا تھا۔ پھر ایک حکومت آئی، جب کسی نے یہ کہا تھا کہ یہ پُرامن لوگ ہیں، ہمارے بھائی ہیں، ہمیں ان سے بات چیت کرنی چاہیے اور انہیں سیٹلڈ ایریاز میں لاکر بسایا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اسی سوچ نے، جو طالبان خان کی سوچ تھی، اسی سوچ کا آج خمیازہ بھگت رہے ہیں۔ ہم نے تو دہشت گردی کا خاتمہ کردیا تھا۔ اب یہ جو دہشت گردی واپس آئی ہے، اس کے پیچھے پی ٹی آئی ہے۔
عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ ہارڈ ٹارگٹ تک پہنچنے کی صلاحیت دہشت گردوں میں ختم ہوچکی ہے۔ اسی لیے وہ دوردراز یا مضافاتی علاقوں میں سافٹ ٹارگٹ تلاش کرتے اور ان کو نشانہ بناتے ہیں۔ ہمارے سیکیورٹی ادارے مکمل الرٹ ہیں۔ ہم مزید سخت اقدامات بھی کررہے ہیں۔ دہشت گردوں کا پیچھا کریں گے، ان کو چھوڑیں گے نہیں۔
انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ اسلام آباد واقعے کے حوالے سے کافی پیش رفت ہوئی ہے۔ سہولت کاروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ پیغام امن کمیٹی کا مقصد ملک میں ہم آہنگی کا فروغ اور دہشت گرد نظریات کا خاتمہ ہے۔ اس کمیٹی میں تمام مکاتب فکر سے نمائندگی موجود ہے۔ ملک میں فرقہ واریت اور نفرت کی کوئی گنجائش نہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہورہی ہے۔ دہشت گرد چند کوڑیوں کی خاطر مسلمانوں کا خون بہارہے ہیں۔ ان کے گرد گھیرا تنگ ہورہا ہے۔ وزیراعظم نے انسداد دہشت گردی کے حوالے سے وزیر داخلہ کو مکمل ہدایت دی ہے۔

Atta Ullah tararFederal minister informationIslamabad Suicide AttackPTITerrorism