یورپ کو 2021 کے آغاز میں وائرس کی تیسری لہر کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ ڈبلیو ایچ او

عالمی ادارہ صحت کے نمائندہ خصوصی برائے کووڈ 19 ڈیوڈ نابارو نے خبردار کیا ہے کہ یورپ کو 2021 کے آغاز میں کورونا وائرس کی تیسری لہر کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔غیرملکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈبلیو ایچ او کے نمائندے ڈیوڈ نابارو کا کہنا تھا کہ یورپ میں پہلی اور دوسری کے بعد اب کورونا کی تیسری لہر کا خدشہ ہے، دنیا اگر دوسری لہر کو قابو کرنے میں ناکام رہی تو وبا کی تیسرے لہر بھی دنیا میں پھیلے گی جس سے مزید نقصانات ہوں گے۔اپنے انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ یورپ میں کورونا کیسز میں کمی واقع ہوئی تھی لیکن اب پھر سے وبائی مرض بڑھ رہا ہے، جرمنی اور فرانس میں مجموعی طور پر 33 ہزار نئے کیسز سامنے آئے۔انہوں نے کہا کہ ہم کورونا کے آغاز میں اس پر قابو نہیں پاسکے اور موقع گنوا دیا، اب وائرس کی دوسری لہر ہے، اگر حکومتوں نے ضروری ڈھانچہ نہیں بنایا تو اگلے سال کورونا وائرس کی تیسری لہر ہوگی۔انہوں نے بتایا اسی طرح آسٹریا اور سوئٹزرلینڈ میں روزانہ ہزاروں کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔