کراچی: ہر دل عزیز اداکار یاسر حسین نے کورونا مریضوں کو پلازمہ عطیہ کرنے کے بجائے مہنگے داموں فروخت کرنے والوں کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔
پاکستان سمیت پوری دنیا میں پھیلی کورونا وبا کے باعث اب تک لاکھوں لوگ اپنی زندگی کی بازی ہار چکے اور تاحال اس جان لیوا وائرس کی کوئی ویکسین دریافت نہیں ہوسکی، تاہم کورونا سے صحت یاب ہونے والے مریضوں کا پلازمہ متاثرہ مریضوں کے لیے کافی فائدے مند ثابت ہورہا ہے۔
پلازمہ تھراپی کے موثر ہونے کے بعد نیشنل انسٹیٹیوٹ آف بلڈ ڈیزیز کے سربراہ ڈاکٹر طاہر شمسی نے چند روز قبل کورونا سے صحت یاب افراد سے اپنا پلازمہ رضاکارانہ طور پر عطیہ کرنے کی درخواست بھی کی تھی۔ تاہم سوشل میڈیا پر صحت یاب مریضوں کا پلازمہ عطیہ کرنے کے بجائے اسے بلیک میں مہنگے داموں فروخت کرنے کی خبریں گردش کررہی ہیں۔ اس عمل کی سخت مذمت کی جارہی ہے۔
اداکار یاسر حسین نے بھی پلازمہ عطیہ کرنے کے بجائے فروخت کرنے والوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ’’دنیا کے کسی کافر نے پلازمہ بیچا؟ لیکن ہمارے یہاں باقی دنیا کو کافر کہنے والے پلازمہ بیچ رہے ہیں۔ ایسا کیوں؟ یااللہ رحم۔