گیارہ سالہ بچے کے قتل میں ملوث بچے کا ماموں گرفتار

اسلام آباد:اسلام آباد کے تھانہ انڈسٹریل ایریا پولیس نے 11سالہ بچے حماد علی کے قتل میں ملوث ملزم کو ٹریس کر کے گرفتار کر لیا، بچے کے قتل میں ملو ث اس کا حقیقی ماموں نکلا اور دوران تفتیش وقوعہ بھی راولپنڈی کا پایا گیا جس کے مطابق قانونی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق چند روز قبل تھانہ انڈسٹریل ایریا کو اطلاع موصول ہوئی کہ موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کر کے 11سال حماد علی کو زخمی کر دیا ہے جس کواس کے ماموں محمد عدنان نے فوری طورپر ہولی فیملی ہسپتال منتقل کیا جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا۔ایس پی انڈسٹریل ایریا زبیراحمد شیخ نے فوری جائے وقوعہ کا دورہ کیا جبکہ ڈیڈ باڈی کو پوسٹمارٹم کے لئے پمز ہسپتال منتقل کیا۔تھانہ آئی نائن پولیس نے فوری طورپربچے کے حقیقی والد محمد وقاص کی تحریر ی درخواست پر مقدمہ نمبر 244مورخہ 15.05.2020بجرم 34/302ت پ تھانہ انڈسٹریل ایریا درج کیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز وقار الدین سید نے وقوعہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس پی انڈسٹریل ایریا زبیر احمد شیخ کو ملزمان کو جلد از جلد ٹریس کر کے گرفتار کرنے کے احکامات جاری کئے،ایس پی اندسٹریل ایریا نے اے ایس پی انڈسٹریل ایریا زوہیب رانجھا کی زیر نگرانی انسپکٹر عاشق حسین شاہ انچارج ہومی سائیڈ اور ا یس ایچ او تھانہ انڈسٹریل ایریا میاں خرم شہزادمعہ دیگر افسران پر مشتمل پولیس ٹیم تشکیل دی۔ پولیس ٹیم نے تفتیش کا دائرہ کار وسیع کرتے ہوئے سیف سٹی اسلام آباد کے سی سی ٹی وی کیمروں کی ویڈیو ریکارڈنگ حاصل کی اور بچے کے ماموں محمد عدنان کے موبائل فون کا ریکارڈ حاصل کیا، محمد عدنان نے اپنے دوست سیکٹر آئی نائن فور کو ملنے جانے تھا کا بیان قلمبند کیا اور محمد عدنان سے بھی پوچھ گچھ کی گئی کہ مذکورہ اپنے گھر راولپنڈی سے فرار ہوگیا۔