گھوٹکی اور لاڑکانہ میں رینجرز پر حملے، دو اہلکار شہید

گھوٹکی/ لاڑکانہ: رینجرز کی گاڑی کے قریب دھماکے سے 2 اہلکاروں سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔
نجی ٹی وی کے مطابق گھوٹکی ریلوے اسٹیشن کے قریب رینجرز کی گاڑی کے قریب دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں رینجرز اہلکار سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ جاں بحق افراد کی لاشیں اسپتال منتقل کردی گئیں۔ واقعے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو سیل کردیا۔
ڈی ایس پی گھوٹکی کا کہنا ہے کہ رینجرز اہلکار مارکیٹ میں گوشت خرید رہے تھے کہ اچانک دھماکا ہوگیا۔ دھماکے میں ایک رینجرز اہلکار اور ایک شہری بھی زخمی ہوا جنہیں فوری طبی امداد کے لیے تحصیل اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ رینجرز کی گاڑی گھوٹا مارکیٹ کے علاقے میں کھڑی تھی، گاڑی میں اچانک دھماکا ہونے سے ایک راہ گیر اور رینجرز اہلکار موقع پر دم توڑ گئے۔

لاڑکانہ میں بھی شرپسندوں نے کارروائی کی اور وی آئی پی روڈ پر واقع رینجرز پبلک اسکول کی چوکی پر کریکر حملہ کیا، جس میں کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا۔