کورونا وائرس اور قیمتوں میں اضافے کے باعث گولڈ مارکیٹ میں مندی چھائی ہوئی ہے، سونے کے تاجر کاروبار جاری رکھنے کے لیے منافع کی شرح کم رکھنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔عالمی منڈی میں سونے کے قیمتوں میں غیر معمولی اضافے سے گولڈ مارکیٹ بہت زیادہ متاثر ہوگئی ہے، کاروبار نہ ہونے کے وجہ سے سونے کے تاجر ادائیگیاں کرنے سے قاصر ہوگئے ہیں،سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق تاجروں کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث شادی بیاہ اور دیگر سماجی تقریبات کا انعقاد نہ ہونے کے برابر ہے۔اس حوالے سے صرافہ بازار کے تاجروں نے کہا ہے کہ عالمی منڈی میں سونے کی قیمت میں اضافے کے باعث 18 کیرٹ کا ایک گرام 190 ریال تک پہنچ گیا ہے، اس میں ویلیو ایڈڈ ٹیکس، زیور ڈھالنے کی اجرت اور منافع شامل نہیں ہے۔یہی وجہ ہے کہ لوگ سونے کے زیورات خریدنے کا ارادہ مؤخر کیے ہوئے ہیں، اس وقت کاروبار صرف چھوٹے اور معمولی زیورات تک محدود ہے جس میں تاجروں نے منافع کی شرح انتہائی کم رکھی ہوئی ہے۔