گوادر: دہشت گرد حملہ ناکام، 2 جوان شہید، 8 شرپسند جہنم واصل

گوادر: سیکیورٹی فورسز نے گوادر پورٹ اتھارٹی کالونی میں دہشت گرد حملہ ناکام بنادیا اور جوابی کارروائی میں 8 دہشت گرد مارے گئے جب کہ دو جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق گوادر پورٹ اتھارٹی کالونی میں 8 دہشت گردوں نے داخل ہونے کی کوشش کی، لیکن سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی یہ کوشش ناکام بنادی۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ سیکیورٹی کے لیے تعینات دستوں نے فوری جوابی کارروائی کی اور دہشت گردوں کو مؤثر طریقے سے روکا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی میں تمام 8 دہشت گرد مارے گئے جب کہ ہلاک دہشت گردوں سے وافر اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں سے فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران 2 بہادر جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ 35 سالہ سپاہی بہار خان اور 28 سالہ سپاہی عمران علی بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہوئے جب کہ سپاہی بہار خان شہید کا تعلق ڈی جی خان اور سپاہی عمران علی شہید خیرپور کے رہائشی تھے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز بلوچستان کا امن سبوتاژ کرنے کی کوششیں ناکام بنانے کے لیے پُرعزم ہیں، ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارا عزم مزید مضبوط کرتی ہیں۔

2 Soldier Martyred8 Terrorist KilledGwaderPort authority ColonyTerrorist attack