وینکوور شہر کے محکمہ پولیس اور رائل کینیڈین ماونٹیڈ پولیس کی طرف سے جاری اعداد و شمار کے مطابق جمعے کے روز سے اب تک کم از کم ِ233 افراد کی موت ہو چکی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ موت کی وجہ گرمی میں اچانک اور غیر معمولی اضافہ ہے۔ برٹش کولمبیا صوبے کے لیٹن شہر میں مسلسل تیسرے روز بھی درجہ حرارت 49.5 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔کینیڈا کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اتنی شدید گرمی کی وجہ سے نظام زندگی مفلوج ہوگیا ہے۔ اسکول اور یونیورسٹیاں بند کردی گئی ہیں۔ کووڈ ویکسینیشن مراکز بھی بند کر دیے گئے ہیں جبکہ حکام نے شہر کے چوراہوں پر عارضی فوارے لگا دیے ہیں۔وینکوور پولیس نے بتایا کہ صرف وینکوور میں ہی 65 سے زیادہ اموات درج کی گئیں۔ ان میں سے بیشتر اموات”گرمی کی وجہ” سے ہوئیں۔ حبس اور گھٹن کی وجہ سے دم توڑنے والوں میں اکثریت عمر دراز اور بیمار افراد کی ہے۔