لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہاہے کہ سماجی دوری تحفظ کی ضامن ہے ،کورونا کی وجہ سے آنے والی تبدیلیوں پر پوری نظر ہے،سماجی فاصلے برقرار رکھنے سے کورونا سے تحفظ یقینی بنایا جاسکتاہے-
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ آفس میں پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر نیاز احمد کی طرف سے یونیورسٹی اساتذہ اور عملے کی جانب سے چیف منسٹر فنڈ برائے کورونا کنٹرول میں 30لاکھ روپے کا چیک وصول کرنے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہاکہ پنجاب یونیورسٹی کے اساتذہ اور عملے کا جذبہ ایثار قابل تحسین ہے-محروم طبقات کی مدد قابل تعریف امرہے-
وزیراعلیٰ نے کہاکہ عوام کو بے یارومددگار نہیں چھوڑیں گے-کورونا کے ساتھ ساتھ خراب معاشی حالات سے بھی لڑنا ہے- انصاف امداد پروگرام کا تیسرا مرحلہ جلد شروع ہورہاہے-کورونا کے خدشات کامسلسل جائزہ لے کر عوامی مفاد میں فیصلے کررہے ہیں-وزیراعظم عمران خان نے حالات کے پیش نظر بہترین پالیسی اپنائی-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہاکہ پنجاب کے عوام کو کورونا سے بچانا ہماری حکمت عملی کا محور ہے-حکومت پنجاب نے سب سے پہلے کورونا کے خدشے کے پیش نظر پیشگی اقدامات کاآغاز کیا- پنجاب جلد روزانہ 10ہزار کورونا ٹیسٹ کرنے کی استعدادحاصل کرلے گا- انہوں نے کہاکہ صوبہ بھر میں قرنطینہ، آئسولیشن سنٹرز، فیلڈ ہسپتال قائم کئے جا چکے ہیں-کورونا کے مریضوں سے سماجی تعلقات رکھنے والے افرادکو بھی چیک کیا جا رہاہے-وزیراعلیٰ نے کہاکہ نیک نیتی سے دن رات محنت کر رہے ہیں،انشاء اللہ کورونا پر جلد قابو پا لیں گے – حکومت پنجاب کورونا کے خلاف جنگ میں دیگر صوبوں سے تعاون کی پالیسی پر عمل پیرا ہے-سینیٹر سرفراز بگٹی نے پنجاب میں کورونا سے بچائو اور سدباب کے لئے حکومتی اقدامات کی تعریف کی اور کہاکہ پنجاب میں کورونا سے بچائو اور سدباب کے لئے قابل تقلید پالیسی اپنائی گئی ہے-حکومت پنجاب کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال میں بروقت فیصلے کررہی ہے-