اسلام آباد: کورونا کی آڑ میں مودی سرکار فاشسٹ ہندووتوا نظریے پرعمل پیرا ہے۔ یہ بات وزیراعظم عمران خان نے اپنی ٹوئٹ میں کہی۔
اُن کا کہنا تھا کہ کورونا جیسی عالمی وبا میں بھی مقبوضہ کشمیر میں فاشسٹ ہندوتوا، آر ایس ایس کی بالادستی کا نظریہ اور جنگی جرائم جاری ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر اقوام متحدہ کا تسلیم شدہ متنازع علاقہ ہے لیکن مودی حکومت مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کررہی ہے، نسل کشی اور آبادی کے تناسب میں تبدیلی کی کوشش چوتھے جنیوا کنونشن اور بین الاقوامی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، عالمی برادری کی ذمے داری ہے کہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے خلاف اقدامات کرے۔