لاہور: وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں کورونا کیسز میں اضافہ ہورہا ہے، پنجاب میں آج وائرس سے متاثرہ 1916 کیسز سامنے آئے۔ ہسپتالوں میں بیڈز اور وینٹی لیٹرز کی تعداد بڑھادی ہے.
ڈاکٹر یاسمین راشد کا پریس کانفرنس سے خطاب میں کہنا تھا کہ حکومت نے لاک ڈاؤن میں نرمی کی تو لوگوں نے سمجھا کورونا چلا گیا، عوام کی جانب سے ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کورونا کیسز مزید بڑھے، حکومت نے فوری کارروائی کرتے ہوئے خلاف ورزی کرنے والے دکان داروں پر جرمانے کیے اور مارکیٹیں بند کیں۔ لاہور میں اب کورونا کیسز کی تعداد 19 ہزار 229 ہوگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سب سے زیادہ کورونا ٹیسٹ ہورہے ہیں، احتیاط ہی کورونا کے مسئلے کا واحد حل ہے۔ عوام کو کورونا کے خلاف حفاظتی اقدامات پر عمل کرنا ہوگا۔ کورونا کہیں نہیں گیا ہمارے ساتھ موجود ہے، حکومت نے صوبے کے ہسپتالوں میں بیڈز اور وینٹی لیٹرز کی تعداد میں اضافہ کردیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ جن علاقوں میں کورونا کیسز زیادہ ہوں گے وہاں لاک ڈاؤن کریں گے۔