کراچی: کورونا کی عالمی وبا کے تناظر میں کم تر شرحِ اموات اور اس بیماری کو شکست دے کر صحت یاب ہوجانے والوں کی ایک بڑی تعداد کے تناظر میں دنیا بھر کے 210 سے زائد ممالک میں پاکستان کا 19 واں نمبر ہے۔
اگر ایک طرف دنیا بھر میں کووِڈ 2019 سے متاثرہ افراد کی تعداد ساٹھ لاکھ کے قریب پہنچ چکی اور ساڑھے تین لاکھ سے زائد افراد اس وبا کے ہاتھوں موت کے منہ میں جاچکے تو دوسری جانب پچیس لاکھ سے زیادہ متاثرین اس بیماری کو شکست دے کر صحت یاب بھی ہوچکے ہیں، جو خوش آئند بات ہے۔
پاکستان بھی ان ٹاپ 20 ملکوں میں شامل ہے جو اس عالمی وبا کو بڑے پیمانے پر شکست دے رہے ہیں۔
گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 2,076 نئے کیسز کے ساتھ، پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی کُل تعداد 61,226 ہوچکی ہے۔ البتہ، پاکستان میں اب تک کیے گئے 508,086 کورونا ٹیسٹوں کے مقابلے میں یہ تعداد صرف 12 فیصد بنتی ہے۔
پاکستان میں کورونا زدگان میں سے 20,231 مکمل صحت یاب ہوچکے، جس کا مطلب کہ وطنِ عزیز میں کورونا کو شکست دینے والے مریضوں کی شرح 33 فیصد ہے جو حوصلہ افزا امر ہے۔
آبادی کے تناظر میں دیکھا جائے تو کورونا وائرس سے متاثرہ پاکستانیوں کی شرح 0.0278 فیصد (یعنی دس لاکھ میں سے 278) ہے جو عالمی اوسط (745 فی دس لاکھ) سے بہت کم ہے۔ پاکستان کی مجموعی آبادی کے لحاظ سے جائزہ لیں تو کورونا سے لقمۂ اجل بننے والوں کا تناسب 0.0006 فیصد (دس لاکھ میں سے صرف 6) ہے۔ یہ بھی عالمی اوسط (45.9 فی دس لاکھ) سے بہت کم ہے۔
ان تمام نکات کی بنیاد پر پاکستان اُن 20 ملکوں میں شامل ہے جو کورونا وبا کے خلاف بہت مؤثر انداز میں کامیاب ہورہے ہیں۔