کورونا کسی کو نہیں چھوڑتا، لوگ پاگل پن کر کے خود کو مشکل میں نہ ڈالیں، عمران خان

اسلام آباد: عوام غلط فہمی میں نہ رہیں کہ کورونا سے پاکستانیوں کو کچھ نہیں ہوگا، یہ کسی کونہیں چھوڑتا۔ان خیالات کا اظہار وزیراعظم عمران خان نے کورونا ریلیف فنڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ مشکل وقت قوموں کا امتحان ہوتا ہے جس میں انسان کے ایمان کا پتا چلتا ہے، جب کاروبار میں نقصان کے دورمیں فراڈ کرتا ہے تو وہ تباہ ہوجاتا ہے، جو شخص برے وقت کو اللہ کی طرف سے امتحان سمجھتا ہے وہ مضبوط ہوکر نکلتا ہے، جب قوم اس چیلنج سے نکلے گی تو بالکل مختلف قوم ہوگی۔
عمران خان نے کہا کہ لوگ پاگل پن کر کے خود کو مشکل میں نہ ڈالیں، اس غلط فہمی میں نہ رہیں کہ کورونا سے پاکستانیوں کو کچھ نہیں ہوگا، کورونا کسی کو نہیں چھوڑتا سوشل میڈیا کی غلط باتوں پر نہ جائیں۔
انہوں نے کہا کہ معاشی طور پر مستحکم ممالک بھی مشکل میں ہیں، امیر ممالک کے وسائل اورپاکستان کےمعاشی حالات میں بہت فرق ہے، لاک ڈاؤ ن تب کامیاب ہوگا جب لوگوں کو گھر وں میں کھانا پہنچا ئیں، ووہان میں لاک ڈاوَن اس لیے کامیاب ہوا کہ ہر گھر میں کھانا پہنچایا گیا، ٹائیگر فورس کے اب تک 6لاکھ ارکان بن چکے ، لاک ڈاؤن کے دوران ٹائیگرفورس کے ذریعےگھروں میں کھانا پہنچائیں گے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ امریکا نے 2 ہزار ارب ڈالرکا ریلیف پیکیج دیا جب کہ پاکستان میں حکومت نے تاریخ کا سب سے بڑا معاشی پیکیج دیا ، میں کورونا وائرس کی وبا کو بڑا چیلنج سمجھتا ہوں، موجودہ حالات میں غریب طبقے کا خیال رکھنا ہے، تعمیراتی شعبے سے وابستہ لوگ متاثرہیں، کنسٹرکشن سے لوگوں کو بہت زیادہ روزگار مل سکتا ہے، لوگوں کو میرٹ پر پیسہ دیا جائے گا، ایم پی ایز اور ایم این ایز کو چاہیے کہ مشکل وقت میں لوگوں کی مدد کریں، شوکت خانم میں میرٹ پر علاج ہوتا ہے۔