کورونا وائرس کے خلاف جنگ: ڈاؤ یونیورسٹی کے ماہرین کا اہم دعویٰ

کراچی: ڈاؤ یونیورسٹی کے ماہرین نے کورونا کے علاج کے لیے انٹرا وینیس امیونو گلوبیولن ( آئی وی آئی جی ) تیار کرلی۔
تفصیلات کے مطابق کورونا کے خلاف جنگ میں ڈاؤ یونیورسٹی کے ماہرین کی جانب سے اہم دعویٰ سامنے آگیا۔
صحت یاب مریضوں کے جسم سے حاصل شفاف اینٹی باڈیز سے گلوبیولن تیار کی گئی ہے، جس کے ذریعے کورونا متاثرین کا علاج کیا جاسکے گا، ڈاؤ یونیورسٹی کے ماہرین نے تیار گلوبیولن کی ٹیسٹنگ اور اینمل سیفٹی ٹرائل بھی کامیابی سے کرلیا۔
وائس چانسلر ڈاؤ یونیورسٹی پروفیسر سعید قریشی نے کہا ہے کہ آئی وی آئی جی کورونا کے خلاف جنگ میں اہم پیش رفت ہے۔
ریسرچ ٹیم کے سربراہ پروفیسر شوکت علی نے کہا ہے کہ گلوبیولن کی تیاری کورونا بحران میں امید کی کرن ہے۔
امریکی ادارے ایف ڈی اے سے منظور شدہ یہ طریقہ علاج محفوظ اور کورونا کے خلاف انتہائی موثر ہے۔ اس طریقہ علاج میں کورونا سے صحت یاب مریض کے خون میں نمو پانے والے اینٹی باڈیز کو علیحدہ کرنے کے بعد شفاف کرکے امیونو گلوبیولن تیار کی جاتی ہے۔ واضح رہے کہ یہ طریقہ علاج پلازما تھراپی سے بالکل مختلف ہے۔