واشنگٹن: اٹلی کے بعد امریکی ڈاکٹرز نے دعویٰ کیا ہے کہ کورونا وائرس کا زور ٹوٹ رہا ہے اور اس کی شدت میں کمی آتی جارہی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یونیورسٹی آف پٹسبرگ میڈیکل سینٹرز کے ڈاکٹرز نے دعویٰ کیا ہے کہ کورونا وائرس اس قدر خطرناک نہیں رہا اور اس کے اثرات میں بتدریج کمی آرہی ہے۔ڈاکٹر ڈونلڈ ہیلی نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مشاہدے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ وائرس اب اپنی طاقت کھو چکا ہے اور اس سے ہونے والی بیماری اور پھیلنے کی صلاحیت ویسی نہیں رہی جیسی وبا کے ابتدائی دنوں میں تھی۔انھوں نے مزید کہا کہ وائرس تبدیل ہوسکتا ہے کچھ نمونے بتاتے ہیں کہ وائرس کی قوت کم ہوگئی ہے، مارچ سے لے کر اب تک 500 سے زیادہ کورونا وائرس کے مریضوں کا کامیابی کے ساتھ علاج کیا گیا ہے اور حالیہ ہفتوں میں کم مریضوں کو وینٹی لیٹر کی ضرورت پیش آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام ٹیسٹوں میں سے صرف 0.2 فیصد کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل اٹلی کے ایک سینئر ڈاکٹر البرٹو زنگریلو نے دعویٰ کیا تھا کہ نیا کورونا وائرس اپنی تباہ کاریوں کے بعد آہستہ آہستہ اپنی طاقت کھوتا جارہا ہے۔