لندن: اگر آپ برطانیہ میں مقیم ہیں، تو کورونا وائرس سے لاکھوں روپے کما سکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ایک برطانوی تجربہ گاہ نے اعلان کیا ہے کہ اگر کوئی شخص خود کو رضاکارانہ طور پر خود کو کورونا وائرس سے متاثر کرانے کے لیے پیش کرے گا، اسے نہ صرف 14 دن تک قرنطینہ مرکز میں رکھا جائے گا بلکہ 4300 ڈالر معاوضہ بھی ادا کیا جائے گا۔ یہ رقم 7 لاکھ پاکستانی روپے کے لگ بھگ ہے۔
یاد رہے کہ اس بیماری سے اب تک دنیا بھر میں ایک لاکھ سے زیادہ افراد متاثر ہیں۔ البتہ دنیا کے کئی ممالک اس کی ویکسن پر بھی تیزی سے کام کر رہے ہیں۔
برطانوی ریسرچ سینٹر ’’ایچ ویوو‘‘ نے اعلان کیا ہے کہ وہ ایسے رضاکاروں کی تلاش میں ہے، جو اس وائرس کی کوئی سی بھی دو اقسام میں سے ایک سے خود کو متاثر کروانے کے بعد 14 روز کےلیے قرنطینہ میں چلے جائیں۔
اس دوران ہر رضاکار کو مسلسل زیرِ مشاہدہ رکھا جائے گا، رضاکاروں کو ہر معاملے میں اس ادارے سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرانی ہوگی۔
خیال رہے کہ اس وقت دنیا بھر میں درجنوں ادارے کورونا وائرس کے خلاف ویکسین تیار کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔