کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے بعد احتیاطی تدابیر کے طور پر عالمی رہنماؤں نے مصافحہ ترک کرکے کہنیاں ملانا شروع کردیں۔
عالمی میڈیا کے مطابق کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے عالمی رہنما مصافحہ کرنے کے بجائے کہنی سے کہنی، پاؤں سے پاؤں ملانے اور سینے پر ہاتھ رکھ کر سلام کرنے لگے ہیں۔
برطانوی شہزادے چارلس نے ایک تقریب میں استقبال کرنے والوں کو ہاتھ جوڑ کر خیرمقدمی جواب دیا۔اسی طرح ترک صدر طیب اردوان نے دورۂ برسلز میں کسی رہنما سے ہاتھ نہیں ملایا۔
ڈچ وزیر اعظم مارک روٹے اور برطانی شہزادہ ہیری نے بھی مصافحہ کرنے کے بجائے کہنی سے کہنی ملانے کو ترجیح دی۔ تنزانیہ کے صدر جوہن ماگوفولی نے قائد حزب اختلاف سے ملاقات کے بعد پاؤں ٹکرا کر مصافحے کی کمی پوری کی۔ امریکی نائب صدر مائک پنس نے ایئرپورٹ پر اہل کاروں سے کہنی ملائی۔
کورونا کےخوف نےعالمی رہنماوُں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا اور وہ احتیاط کرنے پر مجبور ہوگئے۔ لیکن ایک بات اچھی ہے کہ ان عالمی رہنماوُں کی احتیاط سے عوام کو کورونا سے بچاوُ کے حوالے سےآگاہی ملے گی ۔