کورونا وائرس، دُنیا بھر میں 11 ہزار سے زائد اموات

واشنگٹن: کورونا وائرس کا پھیلائو جاری، 185 ممالک میں پھیل گیا، دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 11 ہزار 402 ہوگئی جب کہ 2 لاکھ 76 ہزار 104 افراد متاثر ہیں۔
یہ عالمی وبا اٹلی پر آفت بن کر ٹوٹی، ہلاکتوں کی تعداد 4 ہزار 32 ہوگئی جب کہ 47 ہزار 21 افراد متاثر ہیں۔ چین میں کورونا وائرس سے 3 ہزار 255 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
کورونا سے امریکا میں ہلاکتوں کی تعداد 264 ہوگئی۔ نیویارک، الی نوائے، فلوریڈا اور کیلی فورنیا میں مزید پابندیاں لگادی گئیں۔ ٹیکسوں کی ادائیگی بھی تین ماہ کے لیے موخر کردی گئی۔ امریکا میکسیکو سرحد غیر ضروری سفر کے لیے بند جبکہ امریکی فوج میں بھرتی کے مراکز بھی بند کردیے گئے۔
برطانیہ میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 177 ہوگئی۔ وہاں آج سے لاک ڈاؤن، کیفے، ریستوران، ہیلتھ کلب، تفریح کے مراکز بند رہیں گے۔
جرمنی کی سب سے بڑی ریاست بواریا نے بھی لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا۔ کورونا نے اسپین میں ایک ہزار 93، جرمنی میں 67، ایران میں 1433، فرانس میں 450 کی جان لے لی۔ تیونس کے صدر نے ملک بھر میں شہریوں کو 24 گھنٹے قرنطینہ میں رہنے کی ہدایت کردی۔ اردن نے کورونا پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر کرفیو لگادیا۔