نیویارک: اقوام متحدہ نے اپیل کی ہے کہ کرونا سے متعلق غلط اطلاعات یا افواہیں پھیلانے سے گریز کیا جائے کیونکہ یہ معاملہ اب گھمبیر صورت اختیار کرگیا اور وبا اس کی وجہ سے ہی تیزی سے پھیل رہی ہے۔اقوام متحدہ کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس کے سلسلے میں غلط اطلاعات، افواہوں کے بے ہنگم پھیلاؤ کا مسئلہ گھمبیر صورت اختیار کرگیا لہذا عالمی سطح پر اس کی روک تھام کے لیے اقدامات کیے جائیں۔یونائیٹڈ نیشنز کا کہنا تھا کہ غلط اطلاعات اور افواہوں کی وجہ سے کرونا کی وبا دنیا بھر میں تیزی سے پھیل رہی ہے کیو نکہ ان معلومات کی وجہ سے عوامی صحت کی کاوشوں میں خلل پڑ رہا ہے اور یہ سائنسی رہنمائی کو مسخ بھی کر رہی ہیں۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ہم سب کو غلط اطلاعات کے پھیلاؤ کے خلاف بھرپور ایکشن لینا چاہیے، تمام ممالک کے شہری کسی بھی اطلاع کو دوسرے تک پہنچانے سے پہلے اُس کی تصدیق کرلیں۔اقوام متحدہ نے زور دیا کہ کرونا وائرس سے متعلق کوئی بھی اطلاع یا معلومات بھیجنے سے قبل اُس کے ذرائع جان لیں اور اس بات کی بھی تصدیق کریں کہ یہ اطلاع کہاں سے آئی،کب شائع ہوئی اور اسے آپ کیوں شیئر کررہے ہیں۔ کورونا وائرس سے متعلق سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر غلط معلومات پھیلائی جارہی تھیں، جس کی روک تھام کے لیے تمام ہی کمپنیوں نے ہر ممکن اقدامات کیے ہیں۔