ٹوکیو: کورونا وائرس نے پابندی کے شکار کھلاڑی پر ٹوکیو اولمپکس کے دروازے کھول دئیے گئے اور وہ اگلے سال ٹوکیو اولمپکس گیمز میں شرکت کرسکیں گے۔
آسٹریلوی میڈیا کے مطابق اتھلیٹکس اینٹگریٹی یونٹ نے واضح کیا ہے کہ قوت بخش ممنوعہ ادویات کے استعمال پر 4 سال کی پابندی کسی ایونٹ کے لیے نہیں لگائی جاتی بلکہ یہ ایک مقررہ وقت کے لیے ہوتی ہے۔ کھلاڑی پر عائد پابندی کا وقت اگر 2020 میں پورا ہوجائے گا تو وہ 24 جولائی 2021 سے ہونے والے اولمپکس میں حصہ لینے کے اہل ہوں گے۔
اتھلیٹکس اینٹیگریٹی یونٹ کے نمائندے کے مطابق ٹوکیو اولمپکس گیمز کے ری شیڈول ہونے سے ان اتھلیٹس کو قواعد کے تحت اب مقابلوں میں شرکت سے نہیں روکا جاسکتا۔ یہ اتھلیٹس بھی دوسرے اتھلیٹس کی طرح کھیلوں کے اس عالمی میلے میں اپنے اپنے ملک کی نمائندگی کرنے کے اہل ہیں۔