کورونا معاملہ، کسی ملک یا عالمی ادارے سے پاکستان کو امداد نہیں ملی، وزیراعظم

اسلام آباد: پاکستان کو کورونا کے معاملے پر کسی ملک یا عالمی ادارے سے کوئی مالی امداد نہیں ملی۔
ان خیالات کا اظہار وزیراعظم عمران خان نے یوٹیوب وی لاگرز سے ملاقات کے دوران کیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ کورونا پوری دنیا کے لیے بڑا امتحان ہے، لیکن پاکستان کے حالات یورپ، امریکا اور برطانیہ سے بہت مختلف ہیں، لاک ڈاوٴن سے ہمارا کمزور طبقہ مشکل میں آگیا ہے، بیرون ملک پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر رک گئی ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ مزدوروں کی مشکلات کی وجہ سے لاک ڈاؤن نہیں لگانا چاہتا تھا، 75 فیصد مزدور ہمارے پاس رجسٹرڈ نہیں، کورونا کی وجہ سے ملکی معیشت بری طرح متاثر ہوئی، ایسے وقت میں پاکستان کی کسی ملک یا عالمی ادارے نے ایک ڈالر بھی مدد نہیں کی، صرف آئی ایم ایف نے قرضوں کی ادائیگی میں ریلیف دیا۔
عمران خان نے کہا کہ لوگ سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا کررہے ہیں اور جھوٹ کا سہارا لیتے ہیں، کرپشن سے پیسہ بنانے والے آزاد میڈیا سے خوف زدہ ہیں، کوئی کتنا بھی جھوٹ بولے آخرکارعوام سچ ڈھونڈلیں گے، پی ٹی آئی ملک میں سب سے پہلے سوشل میڈیا استعمال کرنے والی جماعت ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کورونا کب ختم ہوگا، اس بارے میں کچھ نہیں کہا جاسکتا، آہستہ آہستہ لاک ڈاؤن کھول رہے ہیں تاہم اس میں وقت لگے گا، آئی ایس آئی اور دیگر ایجنسیوں سے اس معاملے پر مشاورت کی ہے، آرٹیفیشل انٹیلی جنس سسٹم کی طرف جارہے ہیں، آرٹیفیشل انٹیلی جنس سسٹم سے مریضوں اور مقامات کی نشان دہی ہوسکے گی۔