کورونا متاثرین دو لاکھ 6 ہزار سے متجاوز، 4167 جاں بحق

اسلام آباد: پاکستان بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 3357 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے جب کہ اس کا شکار 49 مریض لقمہ اجل بن گئے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مجموعی طور پر 23 ہزار 9 کورونا ٹیسٹس کیے گئے، جس کے بعد اب تک وائرس کے 12 لاکھ 62 ہزار 162 افراد ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں۔ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 3 ہزار 557 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد ملک میں کورونا وائرس کے متاثرین کی کل تعداد 2 لاکھ چھ ہزار 508 ہوگئی ہے۔ ملک بھر میں کورونا سے متاثرہ 95 ہزار 407 مریض صحت یاب ہوگئے۔
پاکستان میں کورونا متاثرین کی سب سے زیادہ تعداد صوبہ سندھ میں ہے جہاں اب تک 80 ہزار 446 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے، پنجاب میں 74 ہزار 778، خیبر پختونخوا میں 25 ہزار 778، بلوچستان میں 10 ہزار 376، اسلام آباد میں 12 ہزار 643، گلگت بلتستان میں ایک ہزار 442 اور آزاد کشمیر میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد ایک ہزار 49 افراد ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا وائرس سے مزید 49 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔ جس کے ساتھ پاکستان میں کورونا سے لقمہ اجل بننے والوں کی مجموعی تعداد 4 ہزار 167 ہوگئی ہے۔ پنجاب میں ایک ہزار 681، سندھ میں ایک ہزار 269، خیبر پختونخوا میں 922، اسلام آباد میں 127، بلوچستان میں 116، گلگت بلتستان میں 24 اور آزاد کشمیر میں 28 افراد کورونا وائرس سے جاں بحق ہوچکے ہیں۔