واشنگٹن:امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن نے آخر کار ملیریا کے لیے استعمال ہونے والی ادویہ کلوروکوئین اور ہائیڈروکسی کلوروکوئین کی کورونا علاج کے لیے ہنگامی منظوری دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایف ڈی اے نے کہا ہے کہ تشویش ناک حالت والے کورونا مریض کو کلوروکوئین اور ہائیڈروکسی کلوروکوئین دی جا سکتی ہے، یہ دونوں بنیادی طور پر ملیریا کی دوائیں ہیں، اور یہ کرونا کے ہر مریض کے لیے نہیں ہیں۔امریکی ادارے نے یہ بھی کہا کہ ڈاکٹر ان ادویہ کے استعمال سے پہلے اپنے ملک کے وزارت صحت سے بھی اجازت لیں۔خیال رہے کہ امریکی ادارے سینٹرل ڈیزیز کنٹرول (سی ڈی سی) اور ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) کی جانب سے تاحال ملیریا کی مذکورہ ادویہ سے متعلق کوئی تصدیق نہیں کی گئی ہے کہ یہ کورونا وائرس کے علاج میں مؤثر ہیں، گزشتہ ماہ عالمی ادارہ صحت کی جانب سے ایک پریس کانفرنس میں کہا گیا تھا کہ کلوروکوئین کے بارے میں انھیں ایسا کوئی ثبوت نہیں ملا ہے جو کرونا کے علاج سے متعلق ہو۔