نیویارک: دنیا بھر میں کورونا سے ہونے والی اموات کی تعداد ایک لاکھ 84 ہزار 235 ہوگئی، 26 لاکھ 37 ہزار 911 افراد متاثر ہیں، عالمی ادارۂ صحت نے خبردار کردیا کہ کورونا لمبے عرصے تک دنیا میں رہے گا۔
امریکا کے بعد اٹلی میں سب سے زیادہ 25 ہزار ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔ اسپین میں 21 ہزار 7 سو 17 افراد لقمہ اجل بن گئے۔ اسپین میں ہنگامی حالت کے نفاذ کو مزید دو ہفتے تک بڑھایا جاسکتا ہے۔ فرانس میں بھی صورت حال تشویش ناک ہوگئی جہاں کورونا سے 21 ہزار 340 افراد موت کے منہ میں جاچکے ہیں۔ برطانیہ میں کورونا سے 18100 افراد ہلاک ہوگئے۔
بھارت میں ہلاکتیں 681 ہوگئیں جب کہ 21 ہزار 317 افراد کورونا سے متاثر ہیں۔ سعودی عرب میں جاں بحق افراد کی تعداد 114 ہے۔ جنوبی کوریا میں کورونا وائرس کے نئے متاثرین کی تعداد میں کمی آئی ہے اور گذشتہ روز صرف آٹھ نئے کیس سامنے آئے ہیں جن میں سے چار بیرون ملک سے منتقلی کے ہیں۔
تھائی لینڈ میں کورونا وائرس کا سب سے کم عمر مریض، ایک ماہ کا بچہ صحت یاب ہوگیا۔ نیوزی لینڈ میں کورونا وائرس سے ہونے والی دو نئی ہلاکتوں کے بعد ملک میں اموات کی کل تعداد 16 ہو گئی ہے۔ جرمنی نے اپنی 16 ریاستوں میں ماسک کے استعمال کو لازمی قرار دے دیا۔
عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈراس ادھانوم غیبریسس نے دنیا کو متنبہ کیا ہے کہ کورونا لمبے عرصے تک دنیا میں رہے گا۔ میڈیا بریفنگ کے دوران انہوں نے بتایا کہ دنیا کے بیشتر ممالک میں اس وبا میں اضافے کا رجحان دیکھنے میں آرہا ہے جو تشویشناک ہے۔