کورونا عفریت، پنجاب حکومت کا 50 ارب کا معاشی پیکیج تیار

لاہور: کورونا کے عفریت کی روک تھام کے لیے لاک ڈاؤن کی وجہ سے پنجاب حکومت نے تقریبا 50 ارب روپے کا معاشی پیکیج تیار کرلیا۔
ذرائع کے مطابق پنجاب کے 50 لاکھ افراد کو ماہانہ 3 ہزار روپے دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ماہانہ لیبر کے سوشل سیکیورٹی، ای او بی آئی، ڈسٹرکٹ مارکیٹ کمیٹیوں کے ٹیکس کو 2 ماہ کے لیے معاف کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ اسکولز کی فیسوں میں 50 فیصد کٹوتی کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ قرضوں کی ادائیگیوں کو موخر کرتے ہوئے گریس وقت دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
ملز، بڑے اداروں کو دو ماہ کے بجلی بلز کو ایک سال کی قسطوں میں لینے کا فیصلہ کیا گیا۔ ادویہ، ماسک، وینٹی لیٹرز اور دیگر ضروری اشیا کی خریداری کے لیے حکومت پنجاب کے خصوصی کھاتے سے 12 ارب روپے خرچ ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق ماہانہ تین ہزار روپے امداد احساس پروگرام سے دی جائے گی اس کے لیے فہرستیں متعلقہ ضلعی افسر تیار کریں گے۔ معاشی پیکیج کی آج پنجاب کابینہ کے اجلاس میں منظوری دی جائے گی۔