اسلام آباد: وزیراعظم نے کہا ہے کہ کورونا وبا سے متعلق عوام کا تعاون حکومتی کوششوں کو کامیاب بنانے میں اہم کردار کا حامل ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت کورونا کی صورت حال کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا، جس میں وزیرِ اطلاعات سینیٹر شبلی فراز، وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر، وزیر داخلہ اعجاز شاہ، وزیر برائے صنعت و پیداوار حماد اظہر، مشیر خزانہ ڈاکٹر حفیظ شیخ، معاون خصوصی عاصم سلیم باجوہ، فوکل پرسن ڈاکٹر فیصل سلطان، چیئرمین این ڈی ایم اے بھی شریک تھے۔
اجلاس میں کورونا وبا کی صورت حال، آئندہ کے تخمینوں اور اقدامات پرغور کیا گیا اور کورونا مریضوں کے لیے موجود بیڈز، آکسیجن، وینٹی لیٹرز اور سہولتوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ملک میں کورونا ٹیسٹ کرنے والی 107 لیبارٹریز کام کررہی ہیں، روزانہ کی بنیاد پر 25 ہزار ٹیسٹ کیے جارہے ہیں، اس وقت ملک میں 4 ہزار 800 وینٹی لیٹرز موجود ہیں، مزید 1600 وینٹی لیٹرز کا اضافہ بہت جلد ہوجائے گا، ملک میں این -95 اور وینٹی لیٹرز مقامی طور پر تیار کیے جارہے ہیں، جولائی تک تمام صوبوں میں 2 ہزار کووڈ بستروں کا مزید اضافہ کردیا جائے گا اور کورونا سے متعلق حفاظتی لباس اور پرسنل پروٹیکٹو کٹس کی تمام ضروریات پوری کی جارہی ہیں۔
وزیرِاعظم عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حفاظتی اقدامات کی بدولت کورونا کے پھیلاؤ کو موثر طریقے سے روکا جاسکتا ہے، تخمینوں کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت کی جانب سے ہرممکنہ اقدامات کیے جارہے ہیں، عوام کا تعاون حکومتی کوششوں کو کامیاب بنانے میں اہم کردار کا حامل ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ مقامی قیادت اپنے علاقوں میں انتظامیہ کی مدد سے کووڈ سہولتوں کا جائزہ لیں، صوبوں کو متاثرہ علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کے لیے ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
وزیراعظم نے کووڈ مریضوں کی چند ادویہ اور انجکشنز کی دستیابی میں مشکلات کا نوٹس لیتے ہوئے چیئرمین این ڈی ایم اے کو مطلوبہ ادویہ اور انجکشن باآسانی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔
اس سے قبل وزیراعظم کی زیر صدارت پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزراء اور چاروں صوبوں کے حکام شریک ہوئے۔ اجلاس میں وزیراعظم کو اشیائے ضروریہ، پٹرولیم مصنوعات کے بحران سے متعلق، آٹا چینی سمیت دیگر اشیاء کی فراہمی پربریفنگ دی گئی۔