کورونا سے کراچی پولیس کا ایک اور اہلکار جاں بحق

کراچی: پولیس کا ایک اور اہلکار کورونا وبا کے باعث زندگی کی بازی ہار گیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق کراچی پولیس کا ایک اور اہلکار کورونا سے جاں بحق ہوگیا، جس کے بعد اس وبا سے جاں بحق پولیس افسران و اہلکاروں کی مجموعی تعداد 5 ہوگئی ۔
پولیس اہلکار عبدالعزیز کو گزشتہ ہفتے کورونا وائرس کی علامت ظاہر ہونے پر ایس آئی یو ٹی میں داخل کرایا گیا تھا اور گزشتہ 4 روز سے وہ وینٹی لیٹر پر زندگی اور موت کی کشمکش میں تھا۔عبدالعزیز کا آبائی تعلق تونسہ شریف سے ہے اور وہ ضلع سٹی میں تعینات اور ایس ڈی پی او رسالہ کے ڈرائیور کے طور پر ڈیوٹی انجام دے رہا تھا، عبدالعزیز میں کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد ایس ڈی پی او کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا تھا جب کہ دیگر عملے کا کورونا ٹیسٹ بھی کرایا گیا ۔