کورونا سے متعلق فیس بک پر افواہ پھیلانے والے کو جیل بھیج دیا گیا

سنگاپور: ایک شخص کو کورونا سے متعلق افواہ پھیلانے پر 4 ماہ کے لیے جیل بھیج دیا گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سنگاپور کے مقامی ٹیکسی ڈرائیور نے فیس بک پر کورونا سے متعلق جھوٹی پوسٹ کی جس میں اس نے ریسٹورنٹس اور ہوٹلز بند ہونے کی غلط اطلاع دی اور لوگوں کو اکسایا کہ وہ حکومتی پابندیوں کی وجہ سے کھانا گھروں میں ذخیرہ کرلیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق سنگاپور کے پبلک پراسیکیوٹر نے کہا کہ اس شخص نے یہ اطلاع ایک فیس بک میسنجر گروپ پر بھی دی جس کے ارکان کی تعداد 7 ہزار سے زائد ہے جب کہ اس نے 15 منٹ بعد پھر اس میسج کو ڈیلیٹ کردیا۔
پولیس کو اس شخص کی جانب سے افواہ پھیلانے کی اطلاع موصول ہوئی جس پر اسے دھر لیا گیا اور افواہ پھیلانے کے جرم میں کورونا سے متعلق نافذ سخت قوانین کے تحت اسے 4 ماہ کے لیے جیل بھیج دیا گیا۔
واضح رہے کہ سنگاپور میں کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے سخت قوانین نافذ کیے گئے ہیں۔