اسلام آباد: پاکستان بھر میں کورونا مریضوں کی تعداد 50 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جب کہ اس وائرس سے ایک دن کے دوران 50 اموات ریکارڈ کی گئی ہے جو ایک دن میں اب تک سب سے زیادہ ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق 24 گھنٹوں میں 16 ہزار 387 کورونا ٹیسٹ کیے گئے، جس کے بعد ملک بھر میں کورونا ٹیسٹ کی تعداد 4 لاکھ 45 ہزار 987 ہوگئی ہے۔
24 گھنٹوں کے دوران ملک میں مزید 2 ہزار 603 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے، جس کے بعد ملک میں مصدقہ مریضوں کی تعداد 50 ہزار 694 ہوگئی ہے۔ جن میں سے 15 ہزار201 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔
سندھ میں 19 ہزار 924، پنجاب میں 18 ہزار 455، خیبر پختونخوا میں 7 ہزار 155، بلوچستان میں 3 ہزار 74، اسلام آباد میں ایک ہزار 326، گلگت بلتستان میں 602 اور آزاد کشمیر میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 158 ہوگئی ہے۔
وطن عزیز میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے 50 اموات ہوئی ہیں، جس کے بعد ملک میں اس وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد ایک ہزار67 ہوگئی ہے۔
خیبر پختونخوا میں سب سے زیادہ کورونا کے مصدقہ مریض جاں بحق ہوئے ہیں، صوبے میں اس وبا سے جاں بحق افراد کی تعداد 365 ہے، اس کے علاوہ سندھ میں 336 ، پنجاب میں 310، بلوچستان میں 39، اسلام آباد میں 12، گلگت بلتستان میں 4 جب کہ آزاد کشمیر میں ایک مریض جاں بحق ہوا۔