کورونا خدشہ، یوم پاکستان سادگی سے منایا جارہا ہے

اسلام آباد/ لاہور: کورونا وائرس کے باعث ملک بھر میں آج یوم پاکستان سادگی سے منایا جارہا ہے۔
قوم کورونا وائرس کی وجہ سے آج یوم پاکستان سادگی کے ساتھ منارہی ہے، یوم پاکستان پر منعقد ہونے والی تمام سرکاری اور غیرسرکاری تقریبات منسوخ کی جاچکی ہیں تاہم دن کے آغاز پر مساجد، گرجاگھروں، مندروں اور گورودوارں میں عبادت کے دوران ملک کی سلامتی، ترقی خوشحالی اورخاص طور پر کورونا وائرس سے بچائو کے لیے دعائیں مانگی گئیں۔
قومی اعزازات کی مرکزی تقریب آج ایوان صدر میں ہونا تھی جس میں صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مختلف شخصیات کوعسکری وسول اعزازات سے نوازنا تھا، گورنر ہاؤسز میں ہونیوالی اعزازات کی تقاریب بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔
اسی طرح لاہورمیں مزاراقبال پرگارڈزکی تبدیلی کی تقریب بھی نہیں ہوئی جب کہ واہگہ بارڈر، گنڈا سنگھ بارڈر پر قومی پرچم اتارے جانے کی تقریبات میں بھی شہری شریک نہیں ہوسکتے۔