اسلام آباد: سعودی حکومت نے پاکستان کو اس سال کے لیے حج معاہدے کرنے سے روک دیا۔سعودی حکومت نے پاکستانی حکومت کو حجاج کے لیے رہائش اور ٹرانسپورٹ معاہدے کرنے سے روک دیا ۔ سعودی حکومت نے کہا کہ امسال معلوم نہیں کہ حج 2020 کا آپریشن مکمل ہوگا یا نہیں، لہٰذا پاکستان نے جن کمپنیوں سے معاہدے کرنے ہیں، فی الحال وہ نہ کیے جائیں۔
وزارت مذہبی امور پاکستان کو سعودیہ کی وزیر حج کا مراسلہ موصول ہوا ہے جس میں سعودی عرب نے حکومت پاکستان سے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے حج معاہدے نہ کریں، سعودی حکومت صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے، صورتحال بہتر ہوتے ہی اس معاملے پر مزید آگاہ کریں گے۔
وزارت مذہبی امور نے سعودی حکومت کی اطلاع کے بعد حج آپریشن پر کام روک دیا ہے۔سعودی حکومت نے پاکستان کے ساتھ ان تمام ممالک کو یہ ہدایات جاری کی ہیں جہاں کے ایک لاکھ سے زائد زائرین حج کے لیے حجاز مقدس کا سفر کرتے ہیں۔کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا کے دیگر ممالک کی طرح سعودی عرب میں بھی لاک ڈاؤن ہے جس کے نتیجے میں حج 2020 متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔