کورونا بحران: مریض 72 ہزار سے متجاوز، 1543 جاں بحق

اسلام آباد: ملک بھر میں کورونا کے مجموعی کیسز کی تعداد 72ہزار 460 تک جا پہنچی، جن میں سے 26 ہزار 83 افراد نے کورونا کو شکست دے دی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 14 ہزار 398 ٹیسٹ کیے گئے جب کہ مجموعی طور پر 5 لاکھ 61 ہزار 136 ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں۔
پاکستان بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 964 کیسز رپورٹ ہوئے۔ جس کے بعد پاکستان بھر میں کورونا کے مجموعی کیسز کی تعداد 72ہزار 460 تک جاپہنچی جن میں سے 26 ہزار 83 افراد نے کورونا کو شکست دے دی ہے۔
سندھ میں 28 ہزار 245، پنجاب میں 26 ہزار 240، خیبرپختون خوا میں 10 ہزار27، بلوچستان میں 4 ہزار 393، اسلام آباد میں 2 ہزار 589، گلگت بلتستان 711 اور آزاد کشمیر میں کورونا کیسز کی تعداد 255 ہوگئی۔
سرکاری اعداد شمار کے مطابق پاکستان میں ایک روز میں کورونا سے مزید 60 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، جس کے بعد ملک بھر میں جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد ایک ہزار 543 ہوگئی۔ کورونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 497 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سندھ میں 481، خیبر پختونخوا میں 473، اسلام آباد میں 28، گلگت بلتستان میں 11، بلوچستان میں 47 اور آزاد کشمیر میں 6 افراد کورونا وائرس سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔