اسلام آباد: ہائیکورٹ نے کورونا وائرس کی وبا کے پیش نظر 408 قیدیوں کی ضمانت سے مشروط رہائی کا حکم صادر کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے آج ایک کیس کی سماعت کی، دوران سماعت 283 قیدیوں کی ضمانت پر رہائی کی رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ یہ ایمرجنسی صورتحال ہے، صرف ان ملزمان کی بابت فیصلہ سنا رہے ہیں، جو سزا کے بغیر قید ہیں۔
جسٹس اطہر من اللہ نے مزید کہا کہ امریکا میں بھی قیدیوں کو رہا کیا جارہا ہے، ہم ان ملزمان کو ضمانت دے رہے ہیں، جن کی رہائی کمیٹی کے مطمئن ہونے سے مشروط ہے۔