کروڑوں مالیت کی کورونا کٹس برطانیہ اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی گئی

لاہور: کورونا وائرس سے بچاؤ کی حفاظتی کٹس برطانیہ اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی گئی جنہیں فٹ ویئر کی آڑ میں اسمگل کیا جارہا تھا۔
اسسٹنٹ کلکٹر کسسٹم ایکسپورٹ شفاعت علی مرزا نے لاہور ایئرپورٹ کارگو جیری شیڈ پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کی کورونا حفاظتی کٹس کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی۔
لاہور ایئرپورٹ کارگو سے 6من دس کلو گرام کورونا حفاظتی کنسائنمنٹ لاہور سے برطانیہ کے لیے بک کروائی گئی تھیں۔ سیالکوٹ کی نجی کمپنی نے کورونا میڈیکل کٹس کو فٹ ویئر ظاہر کرکے لندن بھجوانے کی کوشش کی تھی۔
اسسٹنٹ کلکٹر کسٹم ایکسپورٹ شفاعت علی مرزا نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی۔
کلکٹر ایئرپورٹ کسٹم عظمت طاہرہ کی ہدایات پر اسسٹنٹ کلکٹر کسٹم شفاعت علی مرزا نے حفاظتی کٹس قبضے میں لے کر کمپنی مالکان کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی۔ کلکٹر ایئرپورٹ کسٹم عظمت طاہرہ نے کسٹم عملے کو اس بروقت اقدام پر شاباش دی۔
خیال رہے کہ کورونا وائرس کے پیش نظر فیس ماسک اور حفاظتی کٹس کی بیرون ملک ترسیل پر پابندی ہے۔ کسٹم عملہ حکومت پاکستان کی ہدایات کی روشنی میں کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔