پشاور: کرونا کے خدشے کے پیش نظر خیبرپختونخوا میں تمام تعلیمی ادارے پندرہ دن کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
خبروں کے مطابق خیبرپختونخوا کے کابینہ اجلاس میں تمام تعلیمی ادارے پندرہ دن کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا جب کہ صوبے میں میٹرک سمیت تمام تعلیمی اداروں میں جاری امتحانات بھی ملتوی کردیے گئے ہیں۔ کابینہ کے فیصلے میں صوبے کی تمام سرکاری تقریبات ملتوی کرنے سمیت جیلوں میں قیدیوں سے ملاقاتوں پربھی پابندی عائد کردی گئی ہے جب کہ صوبائی کابینہ نے عوام سے سماجی میل جول میں احتیاط برتنے کی بھی اپیل کی ہے۔
تمام فیسٹیولز اور سیاسی و پبلک اجتماعات پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ عوام سے شادی بیاہ اور دیگر تقریبات کم کرنے کی ہدایت بھی کی جائے گی اور طورخم بارڈر سے متعلق فیصلہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں کیا جائے گا۔