کراچی: کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے باعث محکمہ صحت سندھ نے شہر میں عوامی اجتماعات اور پی ایس ایل طرز کے ایونٹ پر بھی پابندی لگانے کی تجویز دی ہے اور پی سی بی نے حکومتی تجویز پر عمل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
کراچی میں ابھی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل 5) کے پانچ میچز ہونا باقی ہیں لیکن اس سے قبل ہی محکمہ صحت نے کورونا وائرس کے پھیلنے کے خطرے کے باعث صوبائی حکومت سے شہر میں عوامی اجتماعات پر پابندی لگانے کی سفارش کی ہے۔
کراچی میں محکمہ صحت کے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام نے بھی شرکت کی اور اس دوران کراچی میں ہونے والے میچز کے معاملے پر بھی غور کیا گیا۔
اس حوالے سے ترجمان پی سی بی نے بتایا کہ پی سی بی کے اعلیٰ حکام سندھ حکومت کے ساتھ رابطے میں ہیں اور وہ حکومت کے ساتھ اجلاسوں میں بھی شریک ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ حکومت کی جو بھی ہیلتھ ایڈوائزری ہو گی اس پر پی سی بی مکمل عملدر آمد کرے گا۔