شہر قائد میں آج بھی گزشتہ روز کی طرح آندھی چلنے کا اندیشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا سسٹم کراچی کے شمال مغرب میں لسبیلہ اور اوتھل کے قریب موجود ہے جب کہ اس کا رخ مشرق کی جانب ہے جس سے کراچی میں آج بھی آندھی چل سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ آندھی سے شہر کے شمالی اور شمال مشرقی حصے متاثر ہوسکتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ آندھی کے دوران 45 سے 54 کلومیٹر کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں جب کہ شہر کی گرمی اور زائد نمی کا تناسب سسٹم کی شدت بڑھا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی کراچی کو شدید آندھی نے اپنی لپیٹ میں لیا تھا جس کے بعد مختلف حادثات میں خاتون سمیت 4 افراد جاں بحق اور 18 افراد زخمی ہوئے تھے۔