کراچی طیارہ حادثہ کی ابھی تک کسی پر ذمہ داری نہیں ڈالی گئی: وزیر ہوا بازی

لاہور:وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے کراچی طیارہ حادثے کی رپورٹ بائیس جون کو پبلک کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈیٹا اور وائس باکس مل چکے ابھی تک کسی پر ذمہ داری نہیں ڈالی گئی،وزیر ہوا بازی غلام سرور خان کا پریس کانفرنس میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میں سب سے اپیل کرتا ہوں کہ انکوائری رپورٹ سے پہلے کسی کا دل نہ دکھایا جائے۔ انویسٹی گیشن بورڈ میں ذمہ دار افسران انکوائری کر رہے ہیں۔غلام سرور خان نے بتایا کہ حادثے کا شکار ہونے والے ایئرکرافٹ اور انجن بارے الگ الگ انکوائری کی جا رہی ہے۔ ابھی تک کسی کی غلطی یا کوتاہی کا کوئی تعین نہیں ہوا۔ پائلٹ سجاد گل کا 25 سالہ ریکارڈ ہے، اس دوران ان سے کبھی کوئی کوتاہی نہیں ہوئی۔ انکوائری رپورٹ آنے سے پہلے کسی قسم کی رائے دینا مناسب نہیں ہے۔ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ مجھ سے استعفیٰ مانگا گیا اور نہ ہی مطالبہ کیا گیا۔ انکوائری رپورٹ میں پتا چلے گا کہ غلطی کس کی تھی، اس کے بعد ہی ذمہ داروں کے خلاف ایکشن ہوگا۔