کراچی: شہر قائد کی ضلعی انتظامیہ نے لاک ڈاؤن کی پابندیوں سے متعلق نیا نوٹی فکیشن جاری کردیا جس میں بتایا گیا ہے کہ تندور اور بیکریوں کو کام کرنے کی مشروط اجازت ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے لاک ڈاؤن سے متعلق نوٹی فکیشن جاری کیا جس میں تمام ڈپٹی کمشنر کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ محکمہ داخلہ سندھ کے احکامات پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔نوٹی فکیشن میں بتایا گیا ہے کہ شہریوں کو بلا ضرورت گھروں سے نکلنے کی اجازت نہیں ہوگی اور اگر کوئی مجبوری میں باہر نکلے گا تو اُسے ماسک استعمال کرنا لازم ہوگا۔نوٹی فکیشن میں تندوروں اوربیکریوں کو صبح 8 بجے سے شام پانچ بجے تک کام کی اجازت دی گئی ہے جبکہ گھروں پر کھانا پہنچانے والے ریسٹورنٹس کو بھی ان ہی اوقات میں کام کی اجازت دی گئی۔کمشنر کراچی نے تمام تندور ، بیکری اور ریسٹورنٹس مالکان کو ہدایت کی کہ وہ ہر ملازم کا معائنہ کریں اور اگر کوئی بھی کارکن کھانسی یا بخار میں مبتلا ہو تو اُسے داخل نہ ہونے دیں۔نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ مالکان پر لازم ہوگاکہ وہ کام کی جگہ کوجراثیم سےپاک رکھیں، کام کر نے والوں کے درمیان سماجی فاصلے کو یقینی بنائیں، ملازمین کو ماسک،سینی ٹائزرز،صابن فراہم کریں۔