کراچی: کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں حکومتی اجازت کے بعد کاروبار بحال ہوگیا۔
کراچی کی لائٹ ہاؤس مارکیٹ کے دکان داروں نے بیشتر دکانیں صبح 8 بجے ہی کھول دیں۔ محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق صوبائی حکومت کی جانب سے قواعد و ضوابط جاری ہونے کے بعد کاروبار کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔ کاروبار صبح 8 سے شام 4 بجے تک کھلیں گے۔ تاہم دکان پرآنے والے گاہکوں میں سماجی فاصلہ رکھنا دکان دار کی ذمے داری ہوگی۔
چیئرمین آل سٹی تاجر اتحاد حکیم شاہ کا کہنا ہے سندھ حکومت کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے کاروبار کھولنے کی اجازت دی، بازار میں حکومتی ایس او پی کا ہر صورت خیال رکھا جائے گا، خریداروں سے گزارش کرتے ہیں کہ ہمارے ساتھ تعاون کریں، بغیر ماسک کے کسی خریدار کو دکان میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی، کورونا سے بچاؤ کے لیے سماجی دوری کو تاجر یقینی بنائیں گے، قومی مفاد میں لاک ڈاؤن کے فیصلے کو تسلیم کیا۔
دوسری جانب پنجاب بھر میں بھی جزوی لاک ڈاؤن میں نرمی کا آج پہلا دن ہے۔ قریباً 50 روز کے بعد آج سے لاہور سمیت پنجاب بھر کے تمام اضلاع میں کاروبار کھل گئے ہیں۔ شہر میں تمام کاروبار صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہے گا تاہم بڑے پلازے اور شاپنگ مالز بدستور بند رہیں گے۔
سرکاری و نجی تعلیمی ادارے، سینما گھر، پبلک ٹرانسپورٹ، تفریحی مقامات، شادی ہالز بھی مسلسل بند رہیں گے اس کے علاوہ ہر قسم کے اجتماعات، کھیلوں اور ڈبل سواری پر پابندی برقرار رہے گی، آٹو رکشا اور موٹر سائیکل رکشا چلیں گے۔