اسلام آباد/ کراچی/ لاہور: کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر حکومت نے اسمارٹ لاک ڈاؤن کی حکمت عملی کے تحت زیادہ متاثرہ علاقوں کو سیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
کراچی میں ضلع غربی میں بلدیہ اور سائٹ کے علاقوں میں دو یونین کونسل کو سربمہر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر ضلع غربی فیاض سولنگی کے مطابق محکمہ صحت کی موصولہ رپورٹ کے مطابق متاثرہ علاقوں کو سیل کیا جارہا ہے۔ ذرائع کے مطابق شہر کے 15 سے زائد مختلف علاقوں کو سربمہر کیا جاسکتا ہے۔
ضلعی ہیلتھ افسر (ڈی ایچ او) ویسٹ نے ڈپٹی کمشنر کو خط لکھ کر کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے 16 یوسیز میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کرنے کی سفارش کرتے ہوئے بتایا کہ مریضوں کی تعداد کے لحاظ سے سائٹ پہلے اور بلدیہ ٹاؤن دوسرے نمبر پر ہے۔
لاہور میں چیف سیکریٹری پنجاب جواد رفیق ملک کی زیر سربراہی اجلاس ہوا جس میں زیادہ کیسز والے تمام علاقوں کو سیل کرنے کا حکم دے دیا گیا۔ شہر کے 55 مقامات کو سیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جن کی حتمی فہرست چیف سیکریٹری پنجاب کو پیش کردی گئی ہے۔
انتظامیہ نے کورونا ہاٹ اسپاٹس کو سیل کرنے کی کارروائی شروع کردی ہے جو آج رات بارہ بجے تک مکمل کردی جائے گی۔
دوسری جانب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی انتظامیہ نے تیزی سے بڑھتے کورونا کیسز کی وجہ سے 2 مزید سیکٹرز کو سیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سیکٹر آئی ایٹ میں ایک دن میں کورونا کے دو سو کیس اور سیکٹر آئی -10 میں چار سو کیسز سامنے آچکے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر حمزہ شفقت کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں ان علاقوں کو سیل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری ہوسکتا ہے۔