ڈبلیو ایچ او کا ترقی پذیر ممالک کے لئے بڑا اعلان

عالمی ادارہ صحت نے کم قیمت کورونا ٹیسٹنگ کٹس ترقی پذیر ممالک کو فراہم کرنے کا اعلان کردیا یہ کٹس 15 منٹ میں کورونا کی تشخیص کریں گی۔ تفصیلات کے مطابق ڈبلیو ایچ او کی جانب سے سستی اور فوری نتائج دینے والی کورونا ٹیسٹنگ کٹس ان ممالک کو فراہم کی جائیں گی جو غریب اور متوسط ہیں، صرف 5 ڈالر (829 روپے) کا یہ اینٹی جین ٹیسٹ وائرس کے جینیاتی مواد کی بجائے اس کے باہری عناصر کو پکڑ کر کورونا کی تشخیص کرے گا۔ترقی پذیر ممالک کو عالمی ادارہ صحت کے گلوبل فنڈ سے 5 کروڑ ڈالرز بھی دیے جائیں گے تاکہ مذکورہ ممالک ان ٹیسٹوں کو خرید سکیں جن کے اولین آرڈر رواں ہفتے دیے جانے کا امکان ہے۔دنیا بھر میں اس وقت کورونا وائرس کی تشخیص کے لیے ‘پولیمر چین ری ایکشن’ یا ‘پی سی آر’ نامی ٹیسٹنگ کٹس استعمال ہورہی ہیں، جس میں وائرل جینیاتی مواد کو خصوصی لیبارٹری آلات میں دیکھا جاتا ہے،ان کٹس کی تیاری میں بھاری رقم خرچ ہوتی ہے اور کئی ممالک اس سے محروم بھی ہیں۔تاہم عالمی ادارہ غریب ممالک کو جنوبی کوریائی ٹیسٹ فراہم کرے گا جو سستے ہوں گے، صرف 5 ڈالر کا یہ اینٹی جین ٹیسٹ وائرس کے جینیاتی مواد کی بجائے اس کے باہری عناصر کو پکڑ کر کورونا کی تشخیص کرے گا۔