ڈالر کی اونچی اُڑان، ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

کراچی: کورونا عفریت کے باعث یہاں پروازیں تو اُڑان نہیں بھر رہیں البتہ امریکی ڈالر کو ضرور پر لگ گئے ہیں اور یہ پاکستانی کرنسی کے مقابلے میں 165 روپے کا ہوگیا ہے، اس باعث بیرونی قرضوں میں اربوں روپے کا اضافہ ہوگیا ہے۔
روپے کی قدر میں مسلسل کمی اور ڈالر کی اڑان جاری ہے۔ آج انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر مزید ساڑھے 3 روپے مہنگا ہوکر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
فاریکس ڈیلرز کے مطابق انٹربینک میں ڈالر 3 روپے 40 پیسے مہنگا ہوکر 165 روپے پر پہنچ گیا۔ ڈالر آج 9 ماہ بعد اتنی مہنگی سطح پر ٹریڈ ہوا جبکہ انٹر بینک میں امریکی کرنسی کی قدر 3 روز کے دوران 6 روپے 33 پیسے بڑھی ہے۔
ڈالر کی قدر میں ہوشربا اضافے کے باعث ملک پر قرضوں کے بوجھ میں اربوں روپے کا مزید بوجھ پڑ گیا ہے۔