نئی دہلی: کانگریسی رہنما اور بھارتی پارلیمنٹ کے رکن، راہول گاندھی بھی لداخ میں چینی فوج سے جھڑپ میں 20 بھارتی فوجیوں کی ہلاکت پر مودی سرکار پر برس پڑے۔ اپنی ایک ٹویٹ میں راہول گاندھی نے لکھا: ’’وزیراعظم خاموش کیوں ہے؟ وہ کہاں چھپا بیٹھا ہے؟ بہت ہوگیا! ہمیں معلوم ہونا چاہیے کہ کیا ہوا تھا۔‘‘
خیال رہے کہ گزشتہ 45 سال میں یہ پہلا موقع ہے کہ جب بھارت کو لداخ میں چین کے خلاف جھڑپوں میں بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا مگر اس بارے میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے اب تک کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔
اگرچہ بھارتی میڈیا اپنا روایتی انداز برقرار رکھتے ہوئے مسلسل چین کے خلاف واویلا کرنے میں مصروف ہے، لیکن اس معاملے میں مودی سرکار اب تک خاموش ہے۔ بھارت کے سیاسی حلقوں میں اس خاموشی پر مودی اور ان کی حکومت کو ’’چین سے خوف زدہ‘‘ بھی قرار دیا جارہا ہے۔