اسلام آباد: شوگر ملز ایسوسی ایشن اور جہانگیر ترین نے چینی انکوائری کمیشن کی تحقیقاتی رپورٹ کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا۔
شوگر ملز ایسوسی ایشن کی درخواست کل سماعت کے لیے مقرر کردی گئی، اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ سماعت کریں گے۔
شوگر ملز ایسوسی ایشن نے عدالت سے استدعا کی کہ 21 مئی کو جاری کی گئی انکوائری کمیشن کی رپورٹ کو کالعدم قرار دیا جائے، وزارت داخلہ کے تشکیل کردہ انکوائری کمیشن نے چینی کی قیمتوں میں اضافے کی تحقیقاتی رپورٹ جاری کی جس میں ملز مالکان کو مورد الزام ٹھہرایا۔
درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ کمیشن نے تحقیقات کرتے ہوئے مجوزہ قانونی تقاضے پورے نہیں کیے۔
خیال رہے انکوائری کمیشن کی رپورٹ کے مطابق شوگر ملز مافیا نے ملی بھگت سے عوام سے لوٹ مار کی اور قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا۔