چینی اسکینڈل: انکوائری کمیشن کو تین ہفتوں کی مہلت، وفاقی کابینہ اجلاس میں بڑے فیصلے!

اسلام آباد: آٹا چینی اسکینڈل کی تحقیقات کے معاملے پر وفاقی کابینہ نے انکوائری کمیشن کو 3 ہفتوں کی مہلت دے دی۔
اجلاس میں چھوٹا کاروبار کرنے والوں کے لیے 75 ارب روپے کے پیکیج کی منظوری دی گئی، تین ماہ کا بجلی کا بل بھی معاف ہوگا۔ اجلاس میں 9 مئی تک لاک ڈاؤن کے قومی رابطہ کمیٹی کے فیصلے کی توثیق بھی کی گئی۔وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ اجلاس میں 13 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا اور متعدد نکات کی منظوری دی گئی۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے لمیٹڈ کمپنیوں میں ڈائریکٹرز کی خالی اسامیوں پر نامزدگیوں کی منظوری بھی دی۔ کابینہ کو کورونا کی روک تھام کے لیے اقدامات پر مفصل بریفنگ دی گئی۔
وفاقی کابینہ نے کورونا وائرس پر قائم قومی تعاون کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کی جبکہ ملک کی معاشی اور سیاسی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔
اجلاس میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے صحافیوں اور صحافتی اداروں کی مالی امداد کے پیکیج کی منظوری بھی دی گئی۔ وزیراعظم نے معاون خصوصی برائے اطلاعات عاصم سلیم باجوہ اور وزیر اطلاعات شبلی فراز کو پہلا ٹاسک سونپ دیا۔
اجلاس کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وفاقی کابینہ نے ای سی سی کے فیصلوں کی توثیق کر دی ہے۔ کابینہ نے بنیادی اشیا کی برآمد پر دو ہفتے کے لیے پابندی عائد کرنے کی منظوری دی۔ برآمد پر پابندی کے فیصلے کا دو ہفتے بعد دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔
کابینہ نے شائستہ بانو گیلانی کو مسابقتی کمیشن کی قائم مقام چیئرپرسن تعینات کرنے کی بھی منظوری دی۔ نیٹنگ آف فنانس کانٹریکٹ بل 2020ء، پاک ارب ریفائنری لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی بھی منظوری دی۔ بورڈ آف ڈائریکٹرز میں آفتاب حسین، عبدالہادی شاہ اور بشریٰ ناز ملک کے ناموں کی منظوری دی گئی۔
وفاقی کابینہ نے ہیلتھ کیئر ورکرز کے لیے مالی معاونت کے پیکیج کی بھی منظوری دی۔ کورونا وائرس کی ڈیوٹی کے دوران ہیلتھ کیئر ورکر کی موت پر اسے شہداء پیکیج دیا جائے گا۔