چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول کے مالی گوشواروں میں تضاد کا کیس ختم

اسلام آباد: بلاول بھٹو کے مالی گوشواروں میں تضاد کا کیس الیکشن کمیشن نے ختم کردیا۔
رکن پنجاب الطاف ابراہیم قریشی کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کے 4 رکنی بینچ نے بلاول بھٹو زرداری کے مالی گوشواروں میں تضاد کے معاملے پر سماعت کی۔ بلاول بھٹو زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے اور بلاول کی جانب سے جواب جمع کرایا۔
الیکشن کمیشن نے بلاول کا جواب قبول کرتے ہوئے ان کے خلاف مالی گوشواروں میں تضاد سے متعلق کیس نمٹادیا۔
بعدازاں فاروق ایچ نائیک نے الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کے اثاثہ جات پر الیکشن کمیشن نے اعتراض اٹھایا تھا، ہم نے تمام چیزوں کی دستاویزات الیکشن کمیشن میں جمع کرائیں اور رپورٹ پیش کی، جسے الیکشن کمیشن نے تسلیم کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کے خلاف کیس کو نمٹادیا۔