کراچی: پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کے چیمپئن کا فیصلہ میدان میں ہی ہوگا، پی سی بی آفیشلز اور فرنچائز مالکان کے درمیان ٹیلی کانفرنس کا انعقاد ، اس موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے فرنچائزز پر واضح کر دیا کہ اس ٹرافی کا حق دار کون ہوگا، اس کا فیصلہ ملتوی شدہ مقابلوں کے انعقاد کے بعد ہی ہوسکے گا۔
اس حوالے سے نومبر، دسمبر میں زمبابوے سے سیریز کے موقع پر ونڈو تلاش کی جائے گی، پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ملتان سلطانزکا پلیئنگ کنڈیشنز کے تحت خود کو فاتح قرار دینے کا مطالبہ قبول نہیں کیا گیا، پی سی بی نے مالی نقصان سے بچنے کے لیے ایونٹ مکمل کرنے کا ارادہ ظاہرکردیا۔
ٹیلی کانفرنس میں بتایا گیا کہ اگر تین دن ملے تو اصل فارمیٹ کے تحت پلے آف ہوں گے،2 دن ملنے کی صورت میں سیمی فائنلز اور فائنل والا فارمیٹ اپنایا جائے گا،انعامی رقم کو کورونا وائرس سے جنگ کے لیے عطیہ کرنے کی تجویز سے اتفاق نہیں کیا گیا، بعض شرکا نے اس حوالے سے کہا کہ اپنے پیسوں کو چیریٹی میں دینا یا خود رکھنا کھلاڑیوں کا استحقاق ہے۔