لاہور: قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے کہا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے انتخاب میں پی ایس ایل کا کردار بہت اہم ہے۔
یہ بات انہوں نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، ان کا کہنا ہے کہ آنے والے چند مہینوں میں پاکستانی ٹیم کو ایشیا کپ اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیسے اہم مقابلوں میں حصہ لینا ہے اسی وجہ سے اس سال پی ایس ایل زیادہ اہمیت کا حامل ہے ۔
ہمارے لیے بہت ضروری ہے کہ ہم صحیح کھلاڑیوں کا ایک ایسا گروپ نکالیں جس سے ورلڈ کپ اورایشیا کپ کے لئے اچھی ٹیم تیار ہوسکے۔
مصباح الحق کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم میں چند ایسی پوزیشن ہیں جن پر سلیکشن کیلئے سخت مقابلہ ہوگا۔ انہوں نے کھلاڑیوں کو زیادہ محنت کرنے اور مثبت کھیل پیش کرنے کا مشورہ بھی دیا۔