اسلام آباد: کورونا کے بعد پولیو بھی بے قابو ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔ ملک میں پولیو کے 2 نئے کیسز سامنے آگئے، قومی ادارہؑ صحت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں برس ملک بھر میں پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 27 ہوگئی ہے۔ ملک میں دو نئے پولیو کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جن میں ایک بچے کا تعلق بلوچستان اور دوسرے کا خیبر پختون خوا سے ہے،
بلوچستان میں پولیو وائرس کا نیا کیس رپورٹ ہونے کے بعد صوبے میں رواں سال پولیو کیسز کی تعداد 5 ہوگئی ہے۔ دوسری طرف خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک کی 3 سالہ بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی، بچی کا تعلق ٹانک کی یو سی خیسرائے سے ہے۔ بلوچستان کے ضلع ژوب کا 2 سالہ بچہ پولیو وائرس کا شکار ہوا جس کا تعلق ژوب کی یو سی بدین زئی سے ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق ژوب سے تعلق رکھنے والے بچے کے نمونے 26 اور 27 فروری کو حاصل کیے گئے تھے،
متاثرہ بچے کے والدین پولیو سے بچاؤ کے قطرے نہیں پلاتے تھے۔ گزشتہ ماہ فروری میں پشین کی یو سی تراٹہ میں بھی ایک کیس سامنے آیا تھا۔ واضح رہے کہ پانچ مارچ کو بھی دو کیسز رپورٹ ہوئے تھے جن میں سے ایک کا تعلق خیبر کے علاقے باڑہ سے تھا جب کہ دوسرے کا سندھ کے شہر شکارپور سے تھا۔ خیال رہے کہ پولیو کے حوالے سے سال 2019 بد ترین رہا جب ملک بھر میں 144 پولیو کیسز ریکارڈ کیے گئے، پولیو کی یہ شرح 2014 کے بعد بلند ترین شرح ہے۔ پولیو کو شکست دینے میں حکومت، عوام سمیت تمام مکتب فکر کے افراد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔